حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران میں مقیم مایہ ناز صحافی، سینئراینکر پرسن،عالمی سحر اردو نشریات کے روح رواں ، ڈائریکٹر ریڈیو تہران سید ساجد حسن رضوی شدید علالت کےبعد قم المقدسہ میں دالفناء سے دارالبقاء کی جانب کوچ کرگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہرلعزیز ، ملنسار، شریف النفس، شفیق ، ہنس مکھ، بااخلاق ، ہمدرداور شہرہ آفاق شخصیت سید ساجد حسن رضوی کورونا وائرس کے سبب ایران کے شہر قم المقدسہ کے ایک نجی اسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے۔ وہ کئی ہفتوں سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے۔
آواز کی دنیا کے بےتاج بادشاہ شمار کیئےجانے والے سید ساجد حسن رضوی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے خاص رفقاء و شاگردوں میں شامل تھے اور طویل عرصہ سے ایران میں ذرائع ابلاغ کے اردو شعبے سے منسلک تھے ۔
مرحوم انتہائی مخلص ، مجاہد ،دین کا درد رکھنے والے اور باعمل وباکردار شخصیت کے حامل ساجد حسن رضوی کراچی کے علاقے محمدی ڈیرہ ملیر کے رہائشی اور مقامی مسجد کے پیش امام مولانا سعید حسن رضوی کے فرزند تھے۔مرحوم کی تدفین کا اعلان جلد متوقع ہے، انہیں قم المقدسہ کے قبرستان گلزار شہداء میں سپرد لحد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیںجس کاسبب عالمی پابندیوں کے سبب وہاں جان بچانے والی ادویات کی قلت بتائی جارہی ہے ۔ ابھی چند روز قبل ایک اور پاکستان انقلابی شخصیت علی اوسط رضوی بھی کورونا کے سبب قم میں ہی انتقال کرگئے تھے۔